Fri. Oct 17th, 2025

ممبئی : روشنیوں میں جگمگاتے ورلی کے ڈوم ایس وی پی اسٹیڈیم میں مہاراشٹر ساہتیہ اردو اکیڈمی کے 50 سالہ جشن “بہار اردو” کا شاندار اختتام عمل میں آیا ہے۔ سہ روزہ پروگرام کے آخری دن ہندوستانی ثقافت اور اردو زبان و ادب کا ایک حسین امتزاج پیش کیا گیا۔

 

بہار کا دو کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز انٹر کالجیٹ بیت بازی مقابلے سے ہوا جس میں طلبہ نے مختلف راؤنڈس میں شعر و شاعری سے سامعین کو محظوظ کیا۔ یہ جہاں ایک مقابلہ تھا وہیں اس میں اردو کے مشہور شعرا کے ناموں پر بنائی گئی ٹیموں سے ان شعرا کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ بیت بازی کے مقابلے میں شمیم اقبال مومن اور مخلص مدو کی میزبانی نے ثابت کیا کہ اردو کی میراث اگلی نسل کے ہاتھوں اور دلوں میں محفوظ ہے۔

 

بیت بازی کے بعد “زمین کا ایک ٹکڑا” کے عنوان سے ڈرامہ پیش کیا گیا جس کا بیانیہ جذبات سے لبریز تھا اور اس ڈرامے میں تعلق اور انسانیت کے موضوعات کی بازگشت بھی سنائی دیتی ہے۔ اس ڈرامے کی ہدایات اقبال نیازی نے دی تھی۔

 

ڈرامے کے بعد طنز و مزاح کے معروف شاعر کلیم ثمر نے اپنے مزاحیہ کلام سے سامعین کو لطف اندوز کیا۔ وہیں سولا پور کی ایڈیشنل کلکٹر مونیکا سنگھ نے اپنی خوبصورت شاعری پیش کی جس پر سامعین نے دل کھول کر دل کھول کر داد دی۔

 

شام کے اوقات میں معروف غزل گلوکار انوپ جلوٹا نے اسٹیج سنبھالا اور بہترین غزلیں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ “اردو وہ زبان نہیں ہے جسے آپ بولتے ہیں – یہ وہ سانس ہے جو آپ لیتے ہیں جب آپ کا دل گانا شروع کرتا ہے۔”

 

بعد ازاں شیکھر سمن، امتیاز خلیل اور پریا ملک کی میزبانی میں تقسیم ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اردو، شعرا، ادبا، صحافی، نوآموز قلمکار، لے آؤٹ ڈیزائنر، اساتذہ اور مصنفین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔

 

آخر میں معروف گلوکار شباب صابری نے اپنے مشہور کلام اور دیگر فلمی نغموں سے ڈوم ایس وی پی اسٹیڈیم اور اس میں موجود شرکا کو اس سرشار کر دیا۔ شباب صابری کے نغمات پر نوجوان سامعین میں قابل ذکر جوش و خروش نظر آیا۔

 

آخری میں قومی ترانے کے ساتھ مہاراشٹر ساہتیہ اردو اکیڈمی کے 50 سالہ جشن “بہار اردو” کا اختتام عمل میں آیا۔  بہار اردو کے تینوں دن نہ صرف اہلیان ممبئی بلکہ دیگر شہروں سے آئے ہوئے لوگوں نے نمایاں جوش و خروش نظر آیا ہے۔ یہ ایک وعدہ کہ اردو ممبئی کی رگوں میں سانس لیتی رہے گی، اپنے شاعروں کے ذریعے سرگوشی کرتی رہے گی، اور ایک بار پھر سے اٹھے گی – جب بھی کوئی شعر جنم لے گا۔

انوپ جلوٹا نے باندھا سُر کا سماں، ڈوم ایس وی پی اسٹیڈکم میں “بہار اردو – 2025” کا شاندار اختتام

 

By admin